وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے رات گئے گھوڑا چوک ڈیفنس موڑفلائی اوور پراجیکٹ کا دورہ کیا۔صوبائی وزیراظفر علی ناصر بھی ہمراہ تھے۔وزیر اعلی محسن نقوی نے پراجیکٹ پر پیشرفت کا جائزہ لیا اور جاری تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلی محسن نقوی نے فلائی اوور پر سٹیل فکسنگ کے عمل کا مشاہدہ کیا۔وزیر اعلی محسن نقوی نے مزدوروں سے مصافحہ کیا اورتیز رفتاری سے پراجیکٹ پر کام پر شاباش دی۔وزیر اعلی پنجاب نے منصوبے کی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گھوڑا چوک ڈیفنس موڑ فلائی اوور منصوبے پر دن رات کام جاری ہے۔ خوشی ہے کہ رات سے صبح تک کام ہو رہا ہے۔ کام کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ منصوبہ جلد مکمل ہو سکے۔محسن نقوی نے کہا کہ منصوبے کے تعمیراتی کاموں میں کوالٹی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ منصوبے پر کام کے دوران موثر ٹریفک مینجمنٹ کو یقینی بنایا جائے۔ منصوبے مکمل ہونے سے شہریوں کو آمدورفت میں سہولت اور آسانی ملے گی۔سنٹر پوائنٹ گلبرگ سے گھوڑا چوک ڈیفنس موڑ تک سگنل فری کوریڈور مکمل ہو گا۔سی ای او سی بی ڈی عمران امین نے کہا کہ منصوبے کو وزیر اعلی محسن نقوی کی ہدایت پر وقت سے پہلے مکمل کریں گے۔ منصوبے کی تکمیل کے لئے تمام وسائل استعمال کیے جارہے ہیں۔گھوڑا چوک فلائی اوور تین لینز پر مشتمل ہے،منصوبے پر تقریبا ایک ارب 90کروڑ روپے لاگت آئیگی۔چیف ایگزیکٹو آفیسر سی بی ڈی عمران امین اورکمشنر و ڈی جی ایل ڈی اے محمد علی رندھاوانے منصوبے پر ہونے والی پیشرفت اور تکمیل کے بارے میں بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر،ڈی آئی جی آپریشنز،سی ٹی او اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔