کراچی (نوائے وقت رپورٹ+سٹاف رپورٹر) سابق وزیرخارجہ و چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے سب کو الیکشن کا چاند مبارک ہو۔ اگلی باری پیپلزپارٹی کی ہوگی۔ بہتر ہوتا الیکشن کمشن خود ہی اعلان کر دیتا۔ عدالت کو مداخلت نہ کرنا پڑتی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا عدالت نے کہا ہے تو اب 8 فروری کو انتخابات ہوں گے۔ کسی ایک الیکشن میں بھی پیپلزپارٹی کو لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں ملی۔ امید ہے اس دفعہ ہمیں لیول پلیئنگ فیلڈ ملے گی۔ مولانا فضل الرحمن سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تاریخ بھی آچکی ہے اور موسم بھی ٹھیک ہے۔ پیپلزپارٹی کی انتخابی اور عوامی رابطہ مہم جاری رہے گی۔ میں نے الیکشن کمشن کو انتخابات کی تاریخ دینے کی تجویز دی تھی۔ پی ٹی آئی سمیت سب پارٹیوں کو میثاق جمہوریت پر سب جماعتوں کو آنا چاہئے۔ اصولی طورپر ہر سیاسی جماعت کو لیول پلیئنگ فیلڈ ملنی چاہئے۔ پی ٹی آئی سے اتحاد کے حوالے سے پیپلزپارٹی نے کوئی فیصلہ نہیں کیا۔ کسی بھی غیرقانونی کام کا ساتھ کوئی جماعت نہیں دے سکتی۔ تارکین وطن کی بے دخلی کے سوال پر کہا کوئی سیاسی جماعت کسی غیرقانونی کام کی حمایت نہیں کر سکتی۔ بلاول نے سابق صدر پی پی ضلع وسطی سہیل انصاری کی رہائش گاہ پر ان کے انتقال پر بیٹوں سے اظہار تعزیت کیا۔ انسانی حقوق کا واویلا کرنے والے ممالک فلسطینیوں پر اسرائیلی بربریت پر کیوں خاموش ہیں۔ انسانی حقوق کے حوالے سے سوالات اٹھ رہے ہیں۔ پی ٹی آئی کی بنیاد اس قسم کی سیاست کی تھی جس میں صرف لیول پلئینگ فیلڈ ان کیلئے تھی۔ 2018ءکا الیکشن دیکھ لیں‘ سب کے سامنے ہے۔ تاریخ میں پہلی بار سوشل میڈیا پر نسل کشی دیکھ رہے ہیں۔ یوکرائن پر لیکچر دینے والے فلسطین میں نسل کشی پر بھی بولیں۔ پیپلزپارٹی نے آمرانہ دور کی سختیاں برداشت کیں۔