اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) حضرت نظام الدین اولیا کا 720 واں سالانہ عرس مبارک نئی دہلی میں منعقد ہوا جس میں پاکستانی زائرین کے 94 رکنی وفد نے شرکت کی۔ پاکستان ہائی کمیشن نئی دہلی سے جمعہ کو جاری پریس ریلیز کے مطابق ناظم الامور پاکستان ہائی کمیشن نئی دہلی اعزاز خان نے زائرین کے ہمراہ سلسلہ چشتیہ کے 14 ویں صدی کے عظیم صوفی بزرگ کی درگاہ پر حاضری دی۔حکومت پاکستان اور پاکستان کے عوام کی جانب سے مزار پر روایتی چادر چڑھانے کے بعد ناظم الامور اور زائرین نے پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں مانگیں۔ سجادہ نشین دیوان سید طاہر نظامی اور درگاہ کمیٹی کے معزز ارکان نے درگاہ آمد پر ناظم الامور اور پاکستانی زائرین کا استقبال کیا۔ اس موقع پر سجادہ نشین دیوان سید طاہر نظامی نے ناظم الامور اعزاز خان کی دستار بندی کی۔ زائرین نے درگاہ کے اسی احاطے میں موجود حضرت امیر خسرو کے مزار پر بھی حاضری دی بعد ازاں زائرین کے نمائندوں نے ہائی کمیشن میں ناظم الامور سے الگ ملاقات کی اور دورہ میں سہولت فراہم کرنے پر حکومت پاکستان اور ہائی کمیشن کا شکریہ ادا کیا۔
ناظم الامور پاکستان اعزاز خان کی درگاہ حضرت نظام الدین پر حاضری
Nov 04, 2023