آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ کے 35ویں میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان جو جیت کے لیے 402 رنز کا ہدف دیا ہے۔آج کا یہ اہم میچ بھارتی ریاست کرناٹک کے شہر بنگلورو میں کھیلا جارہا ہے جہاں اس وقت بارش شروع ہوچکی ہے اور پچ کو کور سے ڈھانپ دیا گیا ہے۔نیوزی لینڈ کی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 401 رنز بنائے، اوپنر رچن رویندر نے 108 رنز کی اننگز کھیلی، کپتان کین ولیمسن 95 پر آؤٹ ہوئے جب کہ اوپنر ڈیوون کانوے 35، ڈیرل مچیل 29، مارک چیپمین 39، گلین فلپس 41 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔مچیل سینٹنر 26 اور ٹام لیتم 2 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔پاکستان کی جانب سے محمد وسیم جونیئر نے 3، حسن علی، افتخار احمد اور حارث رؤف نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ہم نے پچھلے میچز میں اچھی بولنگ کی ہے، ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، اسپنر اسامہ میر کی جگہ فاسٹ بولر حسن علی کو شامل کیا گیا ہے۔اس موقع پر نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے کہا کہ اچھا ہدف دینے کی کوشش کریں گے، ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی ہیں۔یہ میچ پاکستان اور نیوزی لینڈ دونوں ٹیموں کے لیے انتہائی اہم ہے، دونوں کو سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لیے یہ میچ جیتنا لازمی ہے۔