ترک صدر اردگان کا اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے رابطے ختم کرنے کا اعلان

 ترک صدر رجب طیب اردگان نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے رابطے ختم کرنےکا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ نیتن یاہو سے اب کوئی با ت نہیں ہوسکتی۔تفصیلات کے مطابق ترک صدر رجب طیب اردگان نے غزہ کی صورتحال پر اپنے بیان میں کہا کہ یورپی یونین غزہ پر منصفانہ انداز میں بات کرنے میں ناکام رہی، یورپی یونین پر ہمارابھروسہ ختم ہوگیا ہے، ہم غزہ میں امن کیلئے ضامن بننے کو تیار ہیں۔ترک صدر نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے رابطے ختم کرنےکا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ نیتن یاہوسےاب کوئی با ت نہیں ہوسکتی، وہ سب سے زیادہ قصور وار ہیں۔رجب طیب اردگان کا کہنا تھا کہ غزہ کے صحت کے بنیادی ڈھانچے کو تباہ کردیا گیا، دنیا کی آنکھیں بند ہیں، ترکیہ غزہ میں فیلڈ اسپتال بھیجنے کے لیے تیار ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی جنگی جرائم کو عالمی فوجداری عدالت میں لے جانے کی حمایت کریں گے۔

دوسری جانب عمان نے غزہ میں جنگی جرائم کی تحقیقات کیلئے عالمی عدالت قائم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی جنگی جرائم کی تحقیقات کی جائیں۔

گزشتہ ہفتے ترک صدر رجب طیب اردوان نے اسرائیل کی غزہ میں جاری جارحیت اور انسانیت سوز مظالم کے خلاف استنبول میں ایک بڑی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسرائیل پچھلے 22 دنوں سے کھلے عام جنگی جرائم کر رہا ہے لیکن مغرب نے اس پر ردعمل دیا اور نہ ہی جنگ بندی کا مطالبہ کیا تاہم ہم اسرائیل کو جنگی مجرم قرار دلوا کر رہیں گے۔

بعد ازاں اردوان کی اس سخت تقریب کے بعد فلسطین پر قابض اسرائیل نے ترکیے سے اپنے تمام سفارت کاروں کو واپس بلا لیا تھا۔

ای پیپر دی نیشن