لاہور(کامرس رپورٹر)جمرود کلب سلیکون ویلی کیلیفورنیا سے تعلق رکھنے والے 50 رکنی سکھ وفد کے رہنما رنجیت سنگھ کاہلوں نے تمام اقلیتی برادریوں بالخصوص سکھوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا ہے۔ گزشتہ روز یہاں پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق سے ملاقات کے دوران رنجیت سنگھ کاہلوں نے پاکستان میں سکھوں کو فراہم کیے جانے والے محفوظ اور باعزت ماحول کی تعریف کی اور کہا سکھ برادری پورے ملک میں بھر پور مذہبی و ثقافتی آزادی کے ساتھ پرامن طریقے سے رہ رہی ہے۔ اقلیتوں کے حقوق کیلئے تحفظ کیلئے پاکستان کے عزم سے مختلف برادریوں کے درمیان بہترین تعلقات قائم ہیں اور ان کے مابین اتحاد و باہمی احترام کو فروغ حاصل ہو رہا ہے۔ وفد کا ایک ہفتہ طویل دورہ پاکستان اور بیرون ملک سکھوں کے درمیان بڑھتے ہوئے اعتماد اور خیرسگالی کا بھی عکاس ہے۔ انہوں نے ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کیلئے پاکستان کی مسلسل کوششوں کو سراہا اور اسے خطے میں ایک مثبت مثال قرار دیا۔
پاکستان میں سکھ برادری مکمل مذہبی و ثقافتی آزادی کیساتھ رہ رہی ہے:رنجیت سنگھ کاہلوں
Nov 04, 2024