لاہور(نامہ نگار)لاہور پولیس صوبائی دارلحکومت میں اقلیتوں کے تحفظ اور امن و امان کی فضاء برقرار رکھنے کیلئے تمام تردستیاب وسائل بروے کار لائے جارہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار ڈی آئی جی آپریشنز محمد فیصل کامران اتوار نے اتوار کے روز سینٹ میری چرچ، سینٹ جونز چرچ انارکلی، کیتھیڈرل چرچ ہائی کورٹ مال روڈ، سینٹ انتھونی چرچ سمیت شہر کے مختلف گرجا گھروں کے دورہ کے موقع پر گرجا گھروں کے منتظمین سے ملاقات کے دوران کیا۔محمد فیصل کامران نے مسیحی عبادت گاہوں کے اطراف سکیورٹی انتظامات کاجائزہ لیااور ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں کوضروری ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ تمام افسران و جوان مکمل الرٹ رہیں۔ سروسز کیلئے آنے والوں کو مکمل چیکنگ کے بعد ہی گرجا گھروں میں داخلے کی اجازت دی جائے۔سپر وائزری افسران اپنے اپنے متعلقہ علاقوں میں گرجا گھروں کی سکیورٹی چیک کریں۔حساس گرجا گھروں میں پولیس کی اضافی نفری اور سنائپرز بھی تعینات کیے جائیں۔ ایلیٹ فورس، ڈولفن سکواڈ اور پی آر یو کی ٹیمیں گرجا گھروں اور مسیحی آبادیوں سمیت شہر کی اہم شاہراہوں پر موثر پٹرولنگ یقینی بنائیں۔