لاہور(نامہ نگار) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ایک اورشہیدپولیس اہلکار کے اہلخانہ کو گھر دیدیا۔ڈی جی خان پولیس کے کانسٹیبل شہریار بیگ شہید کے اہلخانہ کو ان کی پسند کے مطابق گلبرگ کالونی ڈی جی خان میں 5 مرلے کا ایک کروڑ 35 لاکھ روپے مالیت کا گھر خرید کر دیا گیا۔ کانسٹیبل شہریار بیگ شہید نے رواں سال فروری میں تھانہ کوٹ مبارک کی حددود میں خطرناک مجرمان سے مقابلے میں جام شہادت نوش کیا تھا۔ آئی جی پنجاب کی خصوصی کاوش پر حکومت پنجاب نے شہید کے اہلخانہ کے گھر کیلئے فنڈز جاری کئے۔آئی جی پنجاب نے کانسٹیبل شہریار بیگ شہید کی لازوال قربانی کوخراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید نے اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر خطرناک مجرمان عناصر کا بہادری سے مقابلہ کیا۔ پنجاب پولیس اپنے بہادر فرزند کی لازوال قربانی کو کبھی فراموش نہیں کریگی۔ پنجاب پولیس کانسٹیبل شہریار بیگ شہید جیسے 1650 سے زائد شہدا اور 1700 غازیوں کی امین فورس ہے، شہداء کے اہلخانہ اور غازیوں کی بہترین ویلفیئر کیلئے ہر ممکن اقدامات جاری رہیں گے۔