لاہور(خصوصی نامہ نگار) حکمرانوں نے قوم کو مہنگائی کے عذاب میں مبتلا کردیا ہے۔ قرضے لے کر عیاشیاں کرنیوالے ملک کو تباہ کررہے ہیں سودی نظام کا خاتمہ ضروری ہے۔ یہ بات جماعت اہلحدیث کے امیر مولانا حافظ عبد الغفار روپڑی نے جامعہ القدس چوک دالگراں میں میں مشاورتی کونسل کے ماہانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر حافظ عبد الوہاب روپڑی مولانا شکیل الرحمن ناصر حافظ عبد الوحید شاہد مولانا امجد اقبال گھمن قاری محمد فیاض مولانا بشیر سلفی اور دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا آئی ایم ایف اور دیگر ممالک سے قرضے حاصل کرکے عیاشیاں کرنے والے حکمران قوم کے خیرخواہ نہیں ہو سکتے۔ قوم پر مہنگائی کا عذاب مسلط کر دیا گیا ہے اور قومی اداروں کو اونے پونے داموں بیچ کر ملک کو شدید نقصان پہنچانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ قوم ایسی بندر بانٹ کو برداشت نہیں کریں گے۔اسلام کا بہترین نظام معیشت چھوڑ کر ہم اسلام دشمنوں کے سودی نظام اپنا کر تباہی کی طرف جا رہے ہیں۔مضبوط معیشت کیلئے سودی نظام سے چھٹکارا ضروری ہے۔