بیجنگ (این این آئی)چین کی وزارت تجارت کے ترجمان نے بتایاہے کہ ساتویں چائنا انٹرنیشنل امپورٹ ایکسپو5سے 10نومبر تک شنگھائی میں منعقد ہوگی، چینی وزیر اعظم لی چھیانگ افتتاحی تقریب اور متعلقہ سرگرمیوں میں شرکت اور تقریر کریں گے ۔اتوار کوبتا یا گیا کہ چینی وزیر اعظم لی چھیانگ کی دعوت پر ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم ، ازبکستان کے وزیر اعظم اریپوف، سلوواکیہ کے وزیر اعظم فیزو، قازقستان کے وزیر اعظم بیخہونوف ، منگولیا کے وزیر اعظم اوون ایرڈن، سربیا کے وزیر اعظم ووکیوچ اور دیگر غیر ملکی رہنما سی آئی آئی ای کی افتتاحی تقریب اور متعلقہ سرگرمیوں میں شرکت کریں گے۔ نمائش میں297فارچیون گلوبل 500اور صنعت کی معروف کمپنیاں شرکت کر رہی ہیں جو ایک ریکارڈ تعداد ہے ۔ نمائش میں 400سے زیادہ نئی مصنوعات، نئی ٹیکنالوجیز اور نئی خدمات کو متعارف کر وایا جائے گا ۔ اس سال کی سی آئی آئی ای میں 77ممالک اور بین الاقوامی تنظیمیں کنٹری ایگزیبشن میں شرکت کریں گی، اور بزنس ایگزیبشن میں 129 ممالک اور خطوں کے تقریباً 3500نمائش کنندگان شرکت کریں گے جوگزشتہ نمائش سے زیادہ ہیں۔ نمائش کا مجموعی رقبہ 420000مربع میٹر سے زیادہ ہو گا ، اور کل 152ممالک، خطے اور بین الاقوامی تنظیمیں کنٹری ایگزیبشن اور بزنس ایگزیبشن میں شرکت کریں گی۔بزنس ایگزیبشن میں چھ بڑے شعبے ہیں جن میں خوراک اور زرعی مصنوعات، آٹوموبائل، تکنیکی آلات، اشیائے صرف، طبی آلات اور ادویات اور صحت کی دیکھ بھال، اور خدمات کی تجارت کے ساتھ ساتھ انوویشن انکیوبیشن ایریا شامل ہے ۔