کراچی ( نوائے وقت رپورٹ)ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا کے ذریعے لوگ اپنا جھوٹ بیچ رہے ہیں جس سے ملک میں انارکی اور انتشار پھیل رہا ہے۔ کراچی میں سوشل میڈیا سے منسلک ذمہ داران و کارکنان کے اِجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ملکی سلامتی کے اداروں پر اس سوشل میڈیا کے ذریعے لوگوں کو ورغلایا مگر روزگار صحت تعلیم اور بنیادی عوامی مسائل سے متعلق کوئی گفتگو ان کے ٹرینڈز کا حصہ نہیں رہی۔مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ عمران نیازی کی رہائی کے لیے اپنے صدر کو خط لکھنے والے کانگریس ارکان دو ماہ پہلے عالمی دہشت گرد نیتن یاہو کے لئے تالیاں بجا رہے تھے، عمران نیازی کے برادرِ نسبتی گولڈ اسمتھ گزشتہ ماہ ٹویٹ کرتے ہیں کہ اسرائیل ہماری امیدوں کی آخری کرن ہے اور یہاں اْس کے بہنوئی کو مسلم امہ کا لیڈر ثابت کیا جارہا ہے۔