فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) تھانہ ریل بازار کے علاقہ ریلوے روڈ صادق مارکیٹ میں لفٹ میں سر پھنسنے سے نوجوان جاں بحق ہوگیا۔ 225 رب کا 22 سالہ انیس ولد نفیس ریلوے روڈ پر واقع صادق مارکیٹ میں کام کرتا تھا، وہ لفٹ کے ذریعے سامان بالائی منزل پر لے جانے لگا تو اچانک لفٹ چل پڑی اور اس کا سر لفٹ میں پھنس گیا اور وہ چیخ وپکار کرتا رہا لیکن کسی نے اس کی آواز نہ سنی اور اس نے سسک سسک کر جان دے دی، جب کافی دیر تک انیس واپس نہ آیا تو وہاں پر موجود دیگر ملازمین نے دیکھا تو اس کا سر لفٹ میں پھنسا ہوا تھا اور جب اسکو باہر نکالا تو انیس زندگی کی بازی ہار چکا تھا۔ مقتول کے لواحقین کا کہنا ہے کہ گودام کے مالکان وقار اور شہزاد کو کئی مرتبہ لفٹ کے خراب ہونے کا بتایا لیکن انہوں نے توجہ نہ دی، مالک گودام کی غفلت اور لاپرواہی کے سبب نوجوان چل بسا۔ پولیس نے گودام مالکان کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔