لاہور (کامرس رپورٹر) پنجاب میںکپاس کی پیداوار میں کمی سے سندھ قومی سطح پر زیادہ پیداوار کے ساتھ پہلے نمبر پر آ گیا۔ جننگ کے مرحلے پر قومی سطح پر کپاس کے مجموعی بہاؤ میں بہتری کے باوجود، غیر موثر پالیسیوں کی وجہ سے پنجاب میں کپاس کی پیداوار کے غیر تسلی بخش نتائج کے باعث اس کی بالادستی خطرے میں پڑ گئی۔ 15 روزہ رپورٹ میں31 اکتوبر تک پاکستان بھر کی فیکٹریوں میں کپاس کی آمد کے ایک جامع جائزے کے مطابق فیکٹریوں میں4.291 ملین گانٹھیں موصول ہوئیں جبکہ پنجاب سے محض 1.842 ملین گانٹھوں کی آمد ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ اس کے برعکس سندھ کی 2.448 ملین گانٹھوں کی آمد ریکارڈ کی گئی۔ مجموعی آمد کے تناسب کے مطابق اس طرح پنجاب کا حصہ 70 فیصد کی معمول کی سطح کے مقابلے میں 42.94 فیصد تک سکڑ گیا۔ دوسری جانب کپاس کی آمد میں سندھ کا حصہ بڑھ کر 57.06 فیصد ہو گیا۔