پاکستان، روس تعلقات رفتہ رفتہ مضبوط ہو رہے، تجارت کا حجم بھی بڑھنا چاہئے، کامران ٹیسوری

کراچی (سٹاف رپورٹر) گورنر سندھ محمد کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ پاکستان اور روس کے درمیان دو طرفہ تعلقات وقت کے ساتھ ساتھ مضبوط ہورہے ہیں۔دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کے حجم میں اضافہ ہونا چاہیے روس نے پاکستان اسٹیل جیسا اہم صنعتی یونٹ قائم کرکے ہزاروں پاکستانیوں کو روزگار کے مواقع فراہم کئے۔ وہ روس کے سفارتخانے میں یوم یکجہتی کی منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور میزبان قونصل جنرل کراچی اینڈرے وی فیڈرآف نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں ترکی، چین، ملیشیا، بنگلادیش، قطر، بحرین اور سلطنت آف عمان کے سفاتکاروں کے علاوہ صوبائی وزیر سید ذوالفقار علی شاہ پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو،سینٹ کے رکن سرمد علی، رکن سندھ اسمبلی آغا سراج درانی، صوبائی مشیر وقار مہدی،رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر فاروق ستارسمیت اعلیٰ شخصیات نے شرکت کی۔تقریب میں کیک کاٹا گیا اور روس کے فنکاروں نے فن کا مظاہرہ کیا۔ گورنرسندھ نے مزید کہا کہ پاکستان اور روس اہم ممالک ہیں روس کے قونصل جنرل کی کوششوں سے دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون میں اضافہ ہوگا۔وزیراعلیٰ سندھ سید مرادعلی شاہ نے کہا کہ یوم یجہتی پر روس کے قونصل جنرل کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ روس کے سرمایہ کار سندھ میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرسکتے ہیں عوام کے درمیان تعلقات بڑھانے کیلئے دونوں ممالک کے وفود کے تبادلوں میں اضافہ ہونا چاہیے۔میزبان روس قونصل جنرل فیدوروف نے کہا کہ عوامی اتحاد کا دن، ہر سال 4 نومبر کو روس کے عوام اپنی قوم کی بے مثال لچک کی یاد میں مناتے ہیں۔ روس پاکستان تعلقات اور شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے آندرے وی فیڈروف نے کہا کہ روس اور پاکستان کے درمیان تعلقات وقت گزرنے کے ساتھ ترقی کر رہے ہیں اور اس وقت دونوں ممالک کے درمیان 2 بلین ڈالر سے زیادہ کا تجارتی حجم ہے۔ انہوں نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے تمام اراکین برابر ہیں اور اپنے بچوں کے مستقبل کو بچانے کے لیے مل کر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایس سی او خطے کو استحکام فراہم کر رہا ہے اور یہ اچھی طرح سے کام کر رہا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آندرے نے کہا کہ ''پیپلز یونٹی ڈے'' وہ دن ہے جب ہمارا ملک راکھ سے اٹھا اور نام نہاد مصیبت کے وقت میں پولینڈ کے قابضین سے خود کو آزاد کرایا۔ پاکستان روس تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے آندرے وی فیڈروف نے کہا کہ حالیہ برسوں میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔روس اور پاکستان کے درمیان اعلیٰ سطحی رابطوں میں گزشتہ سال سے ڈرامائی طور پر اضافہ ہوا ہے۔15-16 اکتوبر کو اسلام آباد میں  ایس سی او سربراہان حکومتوں کی میٹنگ کے سائیڈ لائن پر روسی حکومت کے سربراہ میخائل میشوسٹن نے وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی اور دو طرفہ ایجنڈے کے تمام اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے کہا کہ حال ہی میں روسی سینیٹ کی چیئر مین ویلنٹینا ماتویینکو نے بھی پاکستان کا دورہ کیا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان تمام ملاقاتوں کے نتیجے میں ہمارے تعلقات میں مزید پیش رفت ہو گی، ہماری بات چیت کے دوران جن منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا وہ شکل اختیار کریں گے اور ہمارے تعاون کی حقیقی صلاحیت جلد ہی سامنے آئے گی۔

ای پیپر دی نیشن