اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف نے سینئر صحافی الطاف حسن قریشی کو ٹیلی فون کیا اور ان کی اہلیہ کے انتقال پر اظہار افسوس کیا۔ وزیراعظم نے تعزیت کرتے ہوئے مرحومہ کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی اور یہ دعا بھی کی کہ اﷲ تعالیٰ الطاف قریشی کو صبر جمیل اور صدمہ برداشت کرنے کی قوت عطا فرمائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس غم میں آپ سمیت تمام لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ مزید برآں وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطاء اللہ تارڑ نے سینئر صحافی الطاف حسن قریشی کی اہلیہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ تعزیتی بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات نے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحومہ کے انتقال سے پیدا ہونے والا خلا کبھی پر نہیں ہو سکے گا۔ لواحقین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحومہ کی مغفرت، جنت الفردوس میں اعلی مقام اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔