لاہور(سپورٹس رپورٹر)بھارتی سورما گھر میں ہی ڈھیر ہوگئے ، نیوزی لینڈ نے بھارت کوتیسرے ٹیسٹ میچ میں بھی 25رنز سے ہرا کر سیریز میں وائٹ واش کردیا،بھارت کو 25سال بعدٹیسٹ میچز کی ہوم سیریز میں وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔ ممبئی میں کھیلے گئے تیسرے ٹیسٹ میچ میں نیوزی لینڈ کے147رنز کے جواب میں بھارتی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں121 رنز پر ڈھیر ہو گئی،نیوزی لینڈ کے اعجاز پٹیل نے 6اور گلین فلپس نے 3وکٹیں حاصل کیں۔ بھارت کے روہت شرما11 ‘شبھمن گل اور ویرات کوہلی ایک ایک رن بنا کر آ وٹ ہوئے۔ نیوزی لینڈ نے پہلی اننگز میں 235اور دوسری میں 174رنز بنائے تھے۔بھارت نے پہلی اننگز میں 263رنز بنائے تھے۔ بھارت کو 1999 کے بعد ہوم سیریز میں وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔بھارت کو جنوبی افریقہ کے ہاتھوں25سال قبل ہوم سیریز میں وائٹ واش کا سامناکرنا پڑا تھا ۔ نیوزی لینڈ نے بھارت کو 25 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-3 سے وائٹ واش مکمل کرلیا ہے اور ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں ریکارڈ اہم پوائنٹس حاصل کیے ہیں۔ تاریخ میں یہ پہلا موقع تھا جب بھارت کو ہوم ٹیسٹ سیریز میں 0-3 سے وائٹ واش کیا گیا ہو۔بھارت سے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی پہلی پوزیشن بھی چھن گئی‘آسٹریلیا پہلے نمبر پر آگیا۔ بھارت کو مسلسل تیسرے فائنل کیلئے آسٹریلیا کیخلاف آخری 5 ٹیسٹ میچوں میں سے 4 جیتنا ہونگے۔ اس دوران نیوزی لینڈ کی انگلینڈ کیخلاف تین میچوں کی سیریز ہے۔ انہیں اپنا دوسرا فائنل بنانے کا موقع حاصل کرنے کیلئے مزید تین جیت درکار ہوں گی۔
بھارت کو 25سال بعد ہوم گرائونڈ پرنیوزی لینڈ کا پہلی بار ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش
Nov 04, 2024