بیروت (نوائے وقت رپورٹ) لبنان میں اسرائیلی فوج کے حملے جاری ہیں۔ اسرائیلی فوج کے فضائی حملے میں ایک بنگلہ دیش کا شہری شہید ہو گیا۔ بنگلہ دیشی سفارتخانے نے اس کی تصدیق کی ہے۔ اسرائیلی فوج نے خیام میں دو حزب اللہ کے مزاحمت کاروں کو شہید کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ غزہ میں اسرائیلی فوج کے گزشتہ روز صبح سے حملے جاری تھے جس میں 23 فلسطینی شہید ہو گئے۔ غزہ سٹی اور جبالیہ میں اسرائیلی بمباری سے 6 فلسطینی شہید ہو گئے۔ رفح میں اسرائیلی فوج کے حملے میں فلسطینی ماں اور دو بچے شہید ہو گئے۔ شمالی غزہ میں گرنیڈ حملے میں ایک اسرائیلی فوجی ہلاک ہو گیا۔ یونیسیف نے کہا کہ شمالی غزہ میں جبالیہ پر اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ دوسری جانب عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کہا کہ اسرائیلی فورسز نے غزہ میں پولیو مرکز پر سٹن گرینیڈ سے حملہ کیا جس میں 4 بچوں سمیت 6 افراد زخمی ہو گئے۔ فلسطینی وزارت صحت نے بتایاکہ7 اکتوبر 2023ء سے جاری اسرائیلی حملوں میں 43314 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔ وزارت صحت نے کہا کہ 7 اکتوبر 2023ء سے اسرائیلی حملوں میں زخمی فلسطینیوں کی تعداد 1 لاکھ 2 ہزار 19 ہو چکی ہے۔