تہران+ واشنگٹن (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) ایرانی سپریم لیڈر علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ دشمنوں کو منہ توڑ جواب دیں گے۔ اپنے خلاف سخت اقدامات پر امریکہ، اسرائیل کو سخت جواب دیا جائے گا۔ امریکہ نے ایران کو خبردار کیا ہے کہ ایران اسرائیل پر ایک اور حملہ نہ کرے۔ امریکی حکام نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے اسرائیل پر حملہ کیا تو اسرائیل کو جوابی کارروائی سے نہیں روک سکیں گے۔ امریکی میڈیا نے کچھ روز قبل خبر دی تھی کہ ایران 5 نومبر کو ہونے والے امریکی صدارتی الیکشن سے قبل اسرائیل پر حملہ کرسکتا ہے۔ گزشتہ روز بھی ایرانی سپریم لیڈر آیت اللّٰہ خامنہ ای کا کہنا تھا کہ امریکہ اور صیہونی حکومت سمیت دشمنوں کو جان لینا چاہیے کہ بلاشبہ وہ ایران اور مزاحمتی محاذ کے خلاف جو کچھ کریں گے، اس کا انہیں منہ توڑ جواب ملے گا۔ دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے دعویٰ کیا تھا کہ ایران پر حالیہ حملوں کے بعد ایران میں کسی بھی ہدف کو نشانہ بنانا ممکن ہے۔