مریم نواز کا دورہ پی آئی سی ٹو ہسپتال، تعمیراتی میٹریل کا جائزہ، جلد فنکشنل کرنے کی ہدایت

Nov 04, 2024

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کینال کے قریب زیر تکمیل پی آئی سی ٹو ہسپتال کا دورہ کیا اور تعمیرات کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے مختلف شعبوں میں جاری تعمیراتی سرگرمیاں دیکھیں۔ تعمیراتی مٹیریل اور دیگر امور کا بھی جائزہ لیا۔ ہسپتال کے مختلف فلور پر ڈرائی پارٹیشن وال اور ایچ ویک کی تنصیب کا کام جاری ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پی آئی سی ٹو کو جلد فنکشنل کرنے کے لئے اقدامات کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پی آئی سی ٹو بننے سے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی پر مریضوں کا دباؤ کم ہوگا۔ ہر ڈسٹرکٹ میں کارڈیالوجی کی مکمل سہولتوں کی فراہمی کے پلان پر عمل درآمد شروع ہو چکا ہے۔ چلڈرن ہارٹ سرجری کے لئے کارڈ سسٹم متعارف کرانے سے سینکڑوں بچوں کے آپریشن آسانی سے ہوچکے ہیں۔ پنجاب انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سی ای او شاہ میر اقبال نے تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے شاہ میر اقبال کو شاباش دی اور ڈیزائن کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے پی آئی سی ٹو پراجیکٹ کے لئے درکار مشینری کی فراہمی یقینی بنانے کا حکم دیا۔ وزیراعلی مریم نواز شریف کو پی آئی سی ٹو پراجیکٹ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی ٹو پراجیکٹ 250بیڈز پر مشتمل ہوگا۔ پی آئی سی ٹو میں جدید ترین ہائیبرڈ آپریشن تھیٹر بھی بنائے جائیں گے۔ پی آئی سی ٹو میں ایمرجنسی، سرجیکل اور میڈیکل آئی سی یو بھی بنیں گے۔ پی آئی سی ٹو کے گرے سٹرکچر کا تقریباً 90فیصد سے زائد کام مکمل ہوچکا ہے۔ وزیراعلیٰ نے تبلیغی اجتماع سے آنے والی گاڑی کو بھیرہ میں حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے سوگوار خاندانوں سے اظہار ہمدردی اور تعزیت کیا۔ 

مزیدخبریں