شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ بڑھائی جائے،ڈ ی آئی جی آپریشنز

Nov 04, 2024

اسلام آباد(اپنے سٹاف رپورٹر سے)ڈ ی آئی جی آپریشنز اسلام آباد سید علی رضا کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا ،اجلاس میں ایس ایس پی آپریشنز ، زونل ایس پیز ، ایس ڈی پی آوز اور ایس ایچ او سمیت دیگر تمام سینئر پولیس افسران نے شرکت کی،اجلاس میں وفاقی دارلحکومت کی مجموعی سکیورٹی اور کرائم کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا،ڈی آئی جی اسلام آباد نے تمام سینئر پولیس افسران کو جرائم کے سدباب اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کریک ڈاون کے احکامات جاری کئے ،انہوں نے شہر میں ڈولفن اور ابابیل سکواڈ کو شہر کے مختلف علاقوں میں چیکنگ بڑھانے کی ہدایت کی ،انہوں نے کہا کہ شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر بھی چیکنگ بڑھائی جائے اور ان کی سیف سٹی سرویلنس کیمرہ جات سے موثر نگرانی عمل میں لائی جائے ،انہوں نے تمام افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہر افسر اپنے اپنے علاقوں میں خود موجود رہے گا اور تمام ڈیوٹیز کو چیک کرے گا،دوران چیکنگ مشکوک افراد، گاڑیوں، موٹرسائیکلوں کو چیک کریں اور ان کے کوائف کے اندراج کو یقینی بنائیں،ڈی آئی جی اسلام آباد نے مزید کہا کہ کسی علاقے میں سنگین واردات کے رونما ہونے کی صورت میںمتعلقہ افسر کے خلاف سخت ایکشن ہوگا،تمام افسران اپنے ماتحت عملے کے ساتھ مکمل ہم آہنگی کو یقینی بنائیں اور ان کے مسائل سنیں ،جس سے افسران و اہلکاروں کا مورال بلند ہوگا،شہریوں کے جان ومال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے اس میں کسی قسم کی کوتاہی ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی۔

مزیدخبریں