اسلام آباد(خبر نگار)پرواز پاکستان مہم کا مقصد نوجوانوں کو غیر قانونی ہجرت کے خطرات اور اس کے نقصانات سے آگاہ کرنا ہے۔ یورپین ریسرچ انسٹیٹیوٹ اور یورپی یونین کے تعاون سے گزشتہ روز کھنہ پل، اسلام آباد میں ایک آگاہی تقریب منعقد ہوئی جس میں مقامی نوجوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب میں پروجیکٹ کوآرڈینیٹر امان اللہ اور تقریب کے ماہر مقرر زین العابدین نے شرکا ء کو غیر قانونی ہجرت کے نقصانات، قانونی طریقوں سے ہجرت کے فوائد، اور پاکستان میں موجود تعلیم اور روزگار کے مواقع کے بارے میں آگاہ کیا۔ پراجیکٹ کوآرڈینیٹر، امان اللہ نے کہا کہ ہم سب جانتے ہیں کہ غیر قانونی طریقوں سے بیرون ملک جانا خطرناک ثابت ہو سکتا ہے لیکن پھر بھی ہر سال ہزاروں افراد یورپ ، امریکہ اور دیگر ممالک جانے کے لیے غیر قانونی راستے اپناتے ہیں اور اپنی زندگی مشکل میں ڈالتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مواقع اور وسائل سے مالا مال ہے، یہاں موجود ٹیکنیکل اور ووکیشنل ٹریننگ سنٹرز نئی نسل کی مہارتوں اور استعداد میں اضافہ کرنے کیلئے کام کررہے ہیں۔ تقریب میں اٹلی میں مقیم پاکستانی ڈائسپورا کی رکن، زوریہما ریاض نے آن لائن تقریر میں نوجوانوں کو غیر قانونی طریقوں سے ہجرت کرنے کی بجائے پاکستان میں موجود مواقع سے فائدہ اٹھانے کی تلقین کی۔سیمینار کے ماہر سپیکر ، زین العابدین نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ اپنے اہل خانہ کا سہارا بنا جائے، نہ کہ انہیں بے سہارا کر دیا جائے۔ لہذا قانونی طریقے سے بیرون ملک جائیں اور بہتر روزگار کمانے کے لیے اپنی مہارتوں میں اضافہ کریں اور کسی بھی ملک میں جا کر ان پر بوجھ بننے کی بجائے، وہاں کی معیشت میں مثبت کردار ادا کریں ۔
غیر قانونی طریقوں سے بیرون ملک جانے سے اجتناب کریں، امان اللہ
Nov 04, 2024