ضلع راولپنڈی سمیت پنجاب بھر میں انسداد پولیو مہم اختتام پذیر

  راولپنڈی(جنرل رپورٹر)ضلع راولپنڈی سمیت پنجاب بھر میں انسداد پولیو مہم کا اختتام ہو گیا ہے۔ پولیو ٹیموں نے اتوار کے روز بھی آخری دن گھر گھر بچوں کی بھرپور کوریج کی اور ہزاروں پولیو ویکسین سے محروم بچوں کو قطرے پلائے۔ اپنے پیغام میں انسداد پولیو پروگرام سربراہ رانا عدیل تصور نے کہا کہ 33 اضلاع میں پولیو مہم کا اختتام جمعہ کے روز ہو چکا ہے جبکہ اتوار کے روز لاہور، راولپنڈی اور فیصل آباد میں بھی پولیو مہم اختتام پذیر ہو گئی ہے۔ پولیو کوائف جمع کرنے کا سلسلہ جاری ہے اور مکمل کوائف کی روشنی میں پولیو مہم کا جائزہ لیا جائے گا۔ جلد سیکریٹری ہیلتھ کی زیر صدارت جائزہ اجلاس منعقد کیا جائے گا۔ عدیل تصور نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ چھ روز  کے اختتام تک 2 کروڑ، 33 لاکھ سے زائد بچوں کو قطرے پلائے گئے ہیں۔ لاہور میں 22 لاکھ سے زائد بچوں کو قطرے پلائے گئے، راولپنڈی میں 10 لاکھ سے زائد بچوں کو قطرے پلائے گئے اور ملتان میں 10 لاکھ سے زائد بچوں کو قطرے پلائے گئے ہیں۔ انھوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں بیرونی وائرس گردش کر رہا ہے اور پولیو وائرس کے تانے بانے افغانستان سے مل رہے ہیں۔ جون 2025 تک وائرس کی افزائش کو روکا جائے گا۔ 2025 کے اختتام تک وائرس کا خاتمہ کیا جائے گا۔  رانا عدیل تصور نے یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ پولیو کا خاتمہ محکمہ اور حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ پنجاب میں بچے بیرونی وائرس کی بدولت خطرے کا شکار ہیں۔ وائرس کو مقامی سطح پر افزائش کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ پولیو ورکروں نے مہم میں بھرپور حصہ لیا۔ انسداد پولیو پروگرام سربراہ نے زور دیتے ہوئے کہا کہ لیڈرشپ اور ورکروں کی بدولت پولیو کا خاتمہ کر دیا جائے گا۔

ای پیپر دی نیشن