علامہ اقبال سکالرشپ پروگرام ، سری لنکن طلبا کے چھٹے بیچ کواسکالرشپ سے نوازا گیا

اسلام آباد (خصوصی رپورٹ)ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی)پاکستان نے علامہ محمد اقبال اسکالرشپ پروگرام کے تحت سری لنکن طلبا کے چھٹے بیچ کو200 مکمل اور جزوی طور پر فنڈڈ اسکالرشپ سے نوازاہے۔ اس سال کے ایوارڈ یافتگان کے علاوہ سری لنکا کے تقریبا پانچ سو طلبہ پہلے ہی پاکستان کی اعلی ترین یونیورسٹیوں میں گریجویٹ، پوسٹ گریجویٹ اور پی ایچ ڈی سطح پر اپنی تعلیمی ڈگریاں حاصل کر رہے ہیں۔  اس سلسلے میں ہائیر ایجوکیشن کمیشن پاکستان نے پاکستان ہائی کمیشن کولمبو کے تعاون سے کولمبو میں سری لنکن طلبا کے لیے علامہ محمد اقبال اسکالرشپ ایوارڈ کی تقریب کا انعقاد کیا۔اس تقریب کے مہمان خصوصی چیف آف ڈیفنس اسٹاف (سی ڈی ایس) جنرل شیویندرا سلوا تھے، جبکہ پاکستان کے ہائی کمشنر میجر جنرل(ر)فہیم العزیز اس موقع پر موجود تھے ۔ چیئرمین ایچ ای سی کی جانب سے پاک سری لنکا ہائر ایجوکیشن کوآپریشن پروگرام کے پراجیکٹ ڈائریکٹر جہانزیب خان نے سری لنکا کے طلبا کو مبارکباد دی اور شرکا کو سکالرشپ پروگرام کے مختلف پہلوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے علاقائی اقتصادی استحکام لانے اور دونوں دوست ممالک کے درمیان تعاون بڑھانے میں تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کیا۔پاکستان کے ہائی کمشنر میجر جنرل (ر)فہیم العزیز نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ سری لنکا کے طلبا کو یہ وظائف دینا پاکستان اور سری لنکا کے درمیان بہترین برادرانہ تعلقات کا ایک اور ثبوت ہے۔ انہوں نے طلبا پر زور دیا کہ وہ عزم اور استقامت کے ساتھ اس موقع سے فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے مزید کہا: "جب آپ اپنی تعلیم کو آگے بڑھاتے ہیں تو یاد رکھیں کہ آپ اپنے ملک اور اپنی ثقافت کے سفیر ہیں۔" تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات بشمول تاجروں، ماہرین تعلیم، ایوارڈ یافتہ طلبا کے والدین اور سرکاری افسران نے شرکت کی۔ مہمان خصوصی، ہائی کمشنر اور دیگر معززین نے طلبا میں سکالرشپ ایوارڈز تقسیم کئے۔

ای پیپر دی نیشن