بھارت کے اپنی ہی سر زمین پر نیوزی لینڈ سے ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش پر شائقین بپھر گئے اور ٹیم سے روہت شرما، کوہلی اور ہیڈ کوچ گمبھیر کے اخراج کا مطالبہ کرنے لگے۔نیوزی لینڈ نے بھارت کو اسی کی سر زمین پر تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں پہلی بار وائٹ واش کر کے تاریخ رقم کر دی۔ اس فتح سے جہاں کیویز کے دیس میں خوشی کے شادیانے بج گئے وہیں بھارت میں صف ماتم بچھ گئی اور شائقین کرکٹ اپنے کرکٹرز پر برہم ہوگئے۔بھارت کے 25 سال بعد اپنی سر زمین پر وائٹ واش کی شرمناک شکست کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین نے سارا غصہ کھلاڑیوں اور ہیڈ کوچ پر نکالا اور اکثریت نے کپتان روہت شرما، ویرات کوہلی اور ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر کو ٹیم سے باہر کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔صارفین کا غم وغصہ سوشل میڈیا پر ابل رہا ہے۔ کسی نے بھارتی ٹیم کو بے دانت کا شیر کہا تو کسی نے اسے بھیگی بلی قرار دیا۔ اکثر نے کہا کہ ٹیم کو اس وقت بوڑھے نہیں بلکہ نوجوان ٹیلنٹ کی ضرورت ہے۔واضح رہے کہ راہول ڈریوڈ کی کوچنگ میں بھارت کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا چیمپئن بننے کے بعد جب سے گوتم گمبھیر نے ٹیم کے ہیڈ کوچ کا منصب سنبھالا ہے بلیو شرٹس کی کارکردگی زوال پذیر ہوگئی ہے اور نیوزی لینڈ سے ہوم گراو?نڈ پر وائٹ واش سب سے بڑی شکست ہے۔دوسری جانب اس سیریز میں بھارت کے دونوں سینئر بلے بازوں کپتان روہت شرما اور ویرات کوہلی مکمل آؤٹ آف فارم نظر آئے اور تینوں میچز میں وہ ٹیم کے لیے بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہے۔