وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ فوج اورعدلیہ سمیت تمام ادارے جمہوریت کو مستحکم کرنا چاہتے ہیں، حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی ، تیرہ اکتوبرکوکچھ نہیں ہوگا۔

Oct 04, 2010 | 07:28

سفیر یاؤ جنگ
وزیراعظم گیلانی نے یہ باتیں ڈیفنس لاہورمیں اپنی رہائش گاہ پرمیڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کے دوران کیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سازشی عناصر وقت ضائع کر رہے ہیں، انہیں مایوسی ہوگی، تیرہ اکتوبر بھی گزرجائے گا لیکن حکومت قائم رہے گی۔ سید یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ صدر، وزیراعظم اور آرمی چیف سے ملاقاتوں کا مقصد فوٹو سیشن کرانا نہیں ہوتا، یہ پہلا موقع ہے کہ ملک میں موجود تمام قوتیں جمہوریت کو پھلتا پھولتا دیکھنا چاہتی ہیں۔ کچھ ایسی ملاقاتیں بھی جاری ہیں جن کی تصویریں جاری نہیں کیں اوران کا میڈیا کو بھی پتہ نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت نے ملک میں انتقامی سیاست کا خاتمہ کرکے مفاہمتی کلچرکو فروغ دیا ہے، میثاق جموریت کے بتیس میں سے ستائیس نکات پرعمل کرلیا گیا ہے، باقی پربھی عمل ہوگا۔ انہوں نے مسلم لیگ نون کے قائد میاں نوازشریف کے اس بیان کی تائید کی کہ ان کی حکومت کے پاس آپشنزکم ہیں لیکن ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے پاس آپشنز ختم نہیں ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف ان کے بھائی ہیں اور ان سے دوستی کا سلسلہ چلتا رہے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی کو دوسرے کی ذاتیات پرکیچڑ اچھال کر سیاسی ماحول خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ این آراو زدہ وزراء اور بیوروکریٹس کی حتمی فہرست آنے کے بعد ان کے مستقبل کا فیصلہ کیا جائے گا۔ ایک سوال پر وزیراعظم گیلانی کا کہنا تھا کہ نیٹو کو سپلائی کی بحالی کا فیصلہ سکیورٹی کی جانچ پڑتال اور اس سلسلے میں بنائے گئے کمیشن کی رپورٹ ملنے کے بعد کریں گے۔  
مزیدخبریں