وفاقی وزیرداخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ پرویزمشرف نے اعتراف کیا ہے کہ این آراوقانون ان کی بڑی غلطی تھی وہ پاکستان آکرعدالت کے روبروبتائیں ان سے یہ غلطی کیسے سرزد ہوئی؟

رحمان ملک اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمشنرشرت سبھروال سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ این آر او سے متعلق بات پرانی ہوگئی ہے، بحث کرنا فضول ہے۔ وزیرداخلہ نے کہا کہ نیب سے مستفید ہونے والا کوئی شخص حکومت میں شامل نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عدالتوں کے فیصلوں کے سامنے سر تسلیم خم ہے۔ رحمان ملک نے کہا کہ بھارتی ہائی کمشنرسے ممبئی حملوں سے متعلق کیس میں پیش رفت اورخطے کی سکیورٹی سے متعلق امور پربات ہوئی ہے۔ رحمان ملک نےممبئی حملوں سے متعلق کیس کےبارے میں کہا کہ پاکستان نے اس سلسلے میں تین رکنی وفد تشکیل دیا ہے جوپراسیکیوشن، ڈیفنس اورکوآرڈینیٹرپرمشتمل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیرداخلہ سے جلد ملاقات ہوگی۔ انھوں نے کہا کہ بھارت میں جاری دولت مشترکہ کے کھیلوں کے دوران سکیورٹی سے متعلق بھارت کے ساتھ شیئرنگ کاعمل جاری ہے ۔

ای پیپر دی نیشن