کراچی (ثناءنیوز) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ (این ڈی ایم اے) کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق 2012ءمیں آنےوالے سیلاب میں 47 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں۔ جِن میں سب سے زیادہ مشکلات صوبہ سندھ کے سیلاب زدگان کو درپیش ہیں۔ رپورٹ کے مطابق سیلاب سے سندھ میں 31 لاکھ، بلوچستان میں سات لاکھ اور پنجاب میں 8 لاکھ 85 ہزار افراد متاثر ہوئے ہیں۔ جب کہ مجموعی طور پر 422 افراد جاںبحق اور درجنوں زخمی ہوئے ہیں۔ حالیہ سیلاب سے صوبہ سندھ، پنجاب اور بلوچستان کے متاثرہ علاقوں سے اب تک سیلاب کا پانی نکالنے کا کام شروع نہیں کیا جا سکا۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں سے نقل مکانی کرنےوالے افراد پانی کی نکاسی کے منتظر ہیں کہ انتظامیہ کب یہ کام شروع کرے گی اور کب ان کی زندگی دوبارہ معمول پر آئےگی۔ 47 لاکھ متاثرین سیلاب کئی مسائل میں گھرے ہوئے ہیں اور کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔