برطانوی وزیر خارجہ ‘ داخلہ سے ملاقاتیں ‘ ڈرون حملے پاکستان کی خودمختاری کیخلاف ہیں: شہباز شریف

Oct 04, 2012

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے برطانوی وزیر خارجہ ولیم ہیگ، وزیر داخلہ تھریسا میری مے، برطانوی کابینہ کے سینئر وزیر مسٹر فرانسس مودی، وزیر مملکت برائے تجارت و سرمایہ کاری مسٹر سٹیفن کیتھ اور لارڈ نذیر سے ملاقاتیں کیں۔ وزیر اعلیٰ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈرون حملے پاکستان کی خودمختاری کے خلاف ہیں اگر دہشت گردی کے باعث بے گناہ لوگوں کا خون بہہ رہا ہے تو ڈرون حملوں میں بھی بے گناہ لوگ مارے جا رہے ہیں۔ لندن کے سکیورٹی نظام کی طرز پر کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم بھی قائم کر رہے ہیں جبکہ برطانوی وزیر خارجہ نے برطانیہ اور پنجاب کے اقتصادی تعلقات مضبوط بنانے پر شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے وزیر داخلہ تھریسا میری مے ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور انسداد دہشت گردی کے ضمن میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ معاشرے میں امن و امان کا قیام اور دہشت گردی کا خاتمہ ان کی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ وزیر اعلیٰ نے پاکستان میں ڈرون حملوں کا اہم ایشو اٹھاتے ہوئے کہا کہ ڈرون حملوں کے باعث بہت زیادہ مجموعی نقصان ہو رہا ہے اور ان حملوں میں بے گناہ لوگ بھی مارے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس خاندان کے بے گناہ لوگ ڈرون حملوں میں مارے جاتے ہیں تو وہ انتقام لینے کی خاطر انتہا پسندی کی طرف چلے جاتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ڈرون حملوں کی وجہ سے پنجاب حکومت نے اصولی فیصلہ کرکے اےسی غیر ملکی امداد قبول کرنے سے انکار کر دیا تھا جس سے ہماری خود مختاری اور عزت پر حرف آتا ہو۔ وزیر اعلیٰ سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے برطانوی وزیر خارجہ نے کہا کہ برطانیہ اور پنجاب کے درمیان تجارتی روابط میں اضافہ کے لئے وزیر اعلیٰ پنجاب کے اقدامات قابل تعریف ہیں۔ برطانیہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پاکستان کی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ وزیر اعلیٰ کی برطانیہ کی کابینہ کے سینئر وزیر مسٹر فرانسس مودی کے ساتھ ملاقات میں کرپشن کے خاتمے اور شفافیت کے فروغ کے حوالے سے تفصیلی بات چیت ہوئی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں کرپشن کے خاتمے کے لئے ٹھوس اقدامات کئے گئے ہیں۔ مسٹر فرانسس مودی نے کہا کہ پنجاب حکومت نے میرٹ کے فروغ اور کرپشن کے خاتمے کے لئے عملی اقدامات اٹھائے ہیں۔ دریں اثناءوزیر اعلیٰ نے وزیر مملکت برائے تجارت و سرمایہ کاری مسٹر سٹیفن کیتھ (لارڈ گرین) کے ساتھ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور‘ دوطرفہ تجارت و سرمایہ کاری کے فروغ کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔ وزیر اعلیٰ برطانوی سرمایہ کار پنجاب میں توانائی‘ ٹرانسپورٹ‘ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے فائدہ اٹھائیں۔ وزیر اعلیٰ نے لندن میں برٹش کونسل کے ہیڈ کوارٹرز میں مختلف موضوعات پر را¶نڈ ٹیبل سیشنز میں شرکت کی۔ را¶نڈ ٹیبل سیشنز میں برطانیہ کی ممتاز یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز اور ماہرین تعلیم بھی شریک ہوئے۔ را¶نڈ ٹیبل سیشنز میں برطانوی یونیورسٹیز کے پنجاب میں کیمپس کھولنے کے امکانات اور پنجاب کی مختلف یونیورسٹیز میں زیر تعلیم طلبا و طالبات کے برطانوی یونیورسٹیز میں تعلیم حاصل کرنے کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکا نے توانائی کے بحران کے قابل عمل حل کے لئے ہرممکن تعاون کی فراہمی میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ دریں اثناءوزیر اعلیٰ نے لارڈ نذیر کی جانب سے دئیے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ملک مشکلات کا شکار ہے، دوہری شہریت کے حامل مسلم لیگ (ن) کے ارکان اسمبلی استعفے دیں۔ سمندر پار پاکستانیوں کو پنجاب میں قبضہ مافیا سے نجات دلائیں۔

مزیدخبریں