اسلام آباد(آئی این پی)وفاق نے دوہری شہریت کیس میں وزیر داخلہ رحمان ملک کے اخباری بیان پر سپریم کورٹ میں جواب جمع کرادیا۔بدھ کودوہری شہریت کیس میں وزیر داخلہ رحمان ملک کے اخباری بیان پر وفاق کا جواب ایڈووکیٹ آن ریکارڈ نے جمع کرایا۔جواب میں موقف اختیار کیا گیا کہ وزیر داخلہ کے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔اس میں کہا گیا کہ وزیر داخلہ نے اس قسم کا کوئی بیان نہیں دیا اور وزارت داخلہ بھی اس معاملے کی تردید کر چکی ہے۔20 ستمبر کوسپریم کورٹ نے ایسے تمام ارکان اسمبلی کو نااہل قرار دے دیا تھا جو دوہری شہریت رکھتے ہیں جس میں رحمان ملک بھی شامل تھے۔خیال رہے کہ29 ستمبر کو سپریم کورٹ نے دوہری شہریت سے متعلق رحمان ملک کو اخباری بیان پر وضاحتی نوٹس جاری کیا تھا اور انہیں عدالت کے سامنے3اکتوبر کو پیش ہونے کو کہا تھا۔رحمن ملک نے بیان دیا تھا کہ اسمبلیوں میں ایسے ارکان موجود ہیں جو دہری شہریت رکھتے ہیں۔