شہر کے قدرتی حسن کو برقرار رکھنے کیلئے انقلابی اقدامات کئے جا رہے ہیں: ڈی جی پی ایچ اے

لاہور (اپنے نمائندے سے) ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے محمد محمود نے کہا ہے کہ شہر کے پارکوں اور دیگر تفریحی باغات سمیت اہم شاہراہوں پر انکا قدرتی حسن برقرار رکھنے کیلئے انقلابی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ شہر میں تاریخ میں پولی مرتبہ ایک کروڑ کے قریب منفرد پھولوں کے پودے اہم شاہراہوں پر لگائے جا رہے ہیں اور پی ایچ اے کی کوشش ہے کہ خزاں میں بھی بہار دکھائی دے۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز نوائے وقت اور دی نیشن کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہی۔ محمد محمود نے بتایا کہ باغ جناح کو اسکی اپنی پرانی شناخت دلوانے کیلئے 5 کروڑ کا تخمینہ لگایا گیا ہے جس کی منظوری ایوان وزیراعلیٰ سے لینے کے بعد کام شروع کر دیا جائے گا اور یکم اکتوبر سے پارکوں کے اوقات کار میں تبدیلی کرتے ہوئے رات 10 بجے تک کر دیا گیا ہے اور پہلی مرتبہ مختلف سنجیدہ حلقوں کی خواہش پر سکول و کالج کے اوقات میں یونیفارم والے طلباءو طالبات کو اندر آنے کی اجازت نہیں ہو گی۔ اگر وہ کالج گروپ کے ساتھ آئینگے تو وہ اس پابندی سے مستثنیٰ ہونگے۔ ڈینگی وائرس کی روک تھام کیلئے لاہور کے تفریحی پارکوں میں موجود وسائل سے تمام تر ممکنہ اقدامات کئے جا رہے ہیں اور بڑے پوائنٹس پر فوارے مرحلہ وار آپریشنل کئے جا رہے ہیں اور کینال روڈ پر تیزی سے ترقیاتی کام جاری ہے اور پھول لگائے جا رہے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن