لندن(آ ن لائن) متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے ایم کیو ایم پاکستان کو قائد اعظم محمد علی جناحؒ کے وژن کے مطابق بنانا چاہتی ہے اور ایسا معاشرہ تشکیل دینا چاہتی ہے جہاں بلاامتیاز رنگ، نسل، زبان، جنس ، مسلک، عقیدہ اور مذہب سب کو برابری کی بنیاد پر حقوق حاصل ہوں اور سب کی جان ومال اور عزت وآبرو کا مکمل تحفظ کیا جائے اور حکومتی فیصلے مذہب اور مسلک کی بنیاد پر نہیں بلکہ میرٹ کی بنیاد پر ہوں۔ انہوں نے نوجوانوں خصوصاً طلباءپر زوردیا کہ وہ حصول علم پر توجہ مرکوز رکھیں اور علم کے ذریعہ طاقت حاصل کریں کیونکہ دنیا میں کمزوروں کیلئے کوئی جگہ نہیں ہوتی ۔ انہوںنے ان خیالات کا اظہار خوش بخت شجاعت کی رہائش گاہ پر ڈیفنس اورکلفٹن سے تعلق رکھنے والے عمائدین کے اجتماع سے ٹیلی فون پر خطاب میں کیا۔ الطاف حسین نے شرکاءکے جوابات دیتے ہوئے مذہبی وفرقہ وارانہ ہم آہنگی، تعلیم، معیشت، صحت ،توانائی کے بحران ،بلدیاتی نظام، امن وامان ، کمیونٹی پولیسنگ اور مختلف امورکے بارے میں ایم کیو ایم کی پالیسیوں پر روشنی ڈالی، الطاف حسین نے کہاکہ قیام پاکستان کو 65 برس بیت چکے ہیں لیکن ہم آج تک یہ فیصلہ نہیں کرپائے کہ ملک کا نظام حکومت کیا ہونا چاہئے ،اسی کشمکش میں ہم آدھا ملک گنوا چکے ہیں اور باقیماندہ ملک میں مختلف نعرے گونج رہے ہیں۔ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کی قانون ساز اسمبلی میں کی گئی 11، اگست1947ءکی صدارتی تقریر کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ قائداعظم محمد علی جناح ، پاکستان کو تھیوکریٹک ریاست نہیں بنانا چاہتے تھے۔ الطاف حسین نے کہاکہ قیام پاکستان کیلئے تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے جدوجہد کی، انہوں نے کہاکہ اگر ملک میں ایم کیو ایم کا پرائم منسٹر آئے اور ہمیں پانچ سال مل جائیں تو ہم پاکستان کو امریکہ ، برطانیہ یا فرانس تو نہیںالبتہ قائداعظم کا لبرل اور پروگریسو پاکستان بنائیںگے۔ الطاف حسین نے کہا کہ میں نے صدر زرداری سے ملاقات میں ان پر واضح کیا ہے کہ بلوچستان کا مسئلہ مصنوعی طریقے سے حل نہیں ہو گا اور نہ ہی کاسمیٹک سرجری سے معاملات میں بہتری آئے گی، اگر بلوچستان کا مسئلہ حل کرنا ہے تو پھر پہاڑوں پر جانے والے ناراض بلوچ رہنماو¿ں سے بات کرنی ہوگی اور پاکستان کی بقاءوسلامتی کیلئے کڑوے گھونٹ پینے ہونگے۔ انہوں نے کہاکہ ایم کیو ایم کی حکومت آئی تو ہم لندن کے ہائیڈ پارک کی طرح شہر میں احتجاجی جلسے جلوس کیلئے ایک جگہ مخصوص کریں گے۔