کراچی(آئی این پی) کراچی میں پولیس موبائل کی ٹکر سے خاتون جاں بحق اور 2 بچے زخمی ہو گئے ‘ مشتعل عوام نے پولیس موبائل سمیت 2 گاڑیوں کو نذر آتش کر دیا۔ واقعات کے مطابق بدھ کو کراچی کے علاقے ایم اے جناح روڈ پر ایک خاتون اپنے 2 بچوں کے ہمراہ سڑک کراس کر رہی تھی کہ اس دوران پولیس موبائل نے انہیں ٹکر مار دی جس کے باعث خاتون اور دونوں بچے شدید زخمی ہو گئے۔ واقعہ کے بعد عوام باہر نکل آئے اور پولیس موبائل کا گھیراﺅ کر لیا اس دوران پولیس کی جانب سے وائرلیس کرنے پر ایک اور پولیس اہلکاروں کی گاڑی بھی موقع پر پہنچ گئی جس پر عوام مزید مشتعل ہوگئے اور انہوں نے پولیس موبائل اور گاڑی کو آگ لگا دی ‘ اس موقع پر عوام نے پولیس کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ زخمی خاتون کو بچوں کے ہمراہ ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ راستے میں خاتون زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔