ملی یکجہتی کونسل کا بین الاقوامی اتحاد امت کانفرنس کے انعقاد کا اعلان

Oct 04, 2012

اسلام آباد (ثناءنیوز) ملی یکجہتی کونسل کے صدر قاضی حسین احمد نے کہا ہے کہ ہم دینی و مذہبی جماعتوں کے وسیع تر اتحاد کی کوششیں کر رہے ہیں۔ ملی یکجہتی کونسل نے عالمی سطح پر وحدت اور یکجہتی کا پیغام دینے کے لئے 11، 12 نومبر کو بین الاقوامی اتحاد امت کانفرنس کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔ کانفرنس میں امام کعبہ، سعودی عرب، مصر ، سوڈان، ترکی، تیونس، ایران اور پاکستان کی ممتاز دینی و مذہبی شخصیات علما مشائخ کو شرکت کی دعوت دی جائے گی۔ رابطوں کے لئے میری سربراہی میں خصوصی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔ کانفرنس اسلام آباد کے کنونشن سنٹر میں ہو گی۔ جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سید منور حسن، جمعیت علمائے پاکستان کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر زبیر، جماعة الدعوة کے سربراہ حافظ سعید احمد اور دیگر اکابرین سے کانفرنس کے انعقاد کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔ انہوں نے بھرپور تعاون کا یقین دلایا ہے۔ دینی و مذہبی جماعتوں کے قائدین سے باضابطہ ملاقاتوں کے لئے کونسل کے سیکرٹری جنرل حافظ حسین احمد کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی گئی ہے۔ یہ فیصلے بدھ کو اسلام آباد میں کونسل کی مرکزی مجلس عاملہ کے خصوصی اجلاس میں کئے گئے۔ اجلاس کے بعد کونسل کے صدر قاضی حسین احمد نے کونسل کے سینئر نائب صدر علامہ ساجد علی نقوی، حافظ حسین احمد کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ملی یکجہتی کونسل کے صدر نے کہا کہ ہماری کوششوں کا بنیادی مقصد امت کو مشترکات پر متحد کرنا ہے۔ دنیا بھر میں اسلامی شعائر، مقدس ہستیوں، قرآن پاک کی توہین کے پے در پے واقعات ہو رہے ہیں اور اس حوالے سے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کےے جا رہے ہیں ان کے مقابلے کے لئے امت مسلمہ کو متحد کرنا چاہتے ہیں۔ کانفرنس کے انتظامات کے سلسلے میں متعدد کمیٹیاں بنا دی گئی ہیں۔

مزیدخبریں