ترک وزیراعظم رجب طیب اردگان کی جانب سے جاری بیان کے حوالے سے کہا گیا ہےکہ ترک افواج نے اپنی سرحد کے ساتھ ساتھ ان اہداف پر گولہ باری کی جن کی نشاندہی ریڈار نے کی تھی۔ نیٹو کا کہنا ہے کہ وہ اس صورتحال پر ایک ہنگامی اجلاس طلب کر رہا ہے۔ ترکی کے نائب وزیراعظم بلندآرنک نے کہا کہ شام کو اس واقعے کا حساب دینا ہوگا اور اس کا جواب بین الاقوامی قوانین کے مطابق دیا جانا چاہیے۔ اس سلسلے میں ترکی کے وزیرِ خارجہ احمد داؤد اوغلو نے اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون، شام کے لیے خصوصی ایلچی اخضر ابراہیمی اور نیٹو کے سیکرٹری جنرل آندریس راسموسین سے رابطے کیے ہیں۔ واضح رہےکہ ترکی کے سرحدی علاقوں میں ہزاروں کی تعداد میں شامی پناہ گزین موجود ہیں۔