لاہور ہائی کورٹ نے بیرون ملک بھجوانے کے نام پر اربوں روپے کا فراڈ کرنے والی کمپنی فیوچر کنسرن کے خلاف بیالیس شہریوں کی درخواستوں پر مقدمات درج کرنے کا حکم دے دیا۔

Oct 04, 2012 | 18:06

سٹی رپورٹر

لاہورہائیکورٹ میں جسٹس مظاہرعلی اکبرنقوی نے کیس کی سماعت کی ۔ایف آئی اے کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ کمپنی کے متاثرہ بیالیس شہریوں نے مقدمات درج کرنے کے لیے درخواستیں دائر کی ہیں جس پر عدالت نے حکم دیا کہ ایف آئی اے کے پاس جتنی بھی درخواستیں ہیں ان پر مقدمات درج کر کے رپورٹ پیش کی جائے ۔عدالتی حکم کے باوجود عاصم ملک کے پیش نہ ہونے پر عدالت نے ملزم کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پرپیش کرنے کا حکم دیا۔ عاصم ملک کو میڈیکل سرٹیفیکیٹ جاری کرنے والے ڈاکٹر کے پیش نہ ہونے پراسے بھی توہین عدالت کا نوٹس جاری کردیا گیا ہے۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت آٹھ اکتوبر تک ملتوی کردی۔

مزیدخبریں