کراچی اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز مثبت ہوا ۔آغاز پر انڈیکس کچھ وقت تک اتار چڑھاؤ کا شکار بھی رہا تاہم کاروبار کے اختتام پر کیمیکل ، سیمنٹ ، ٹیکنالوجی اور کمیونیکیشن سیکٹر میں نمایاں تیزی نے مارکیٹ کو ریکارڈ سطح پر پہنچنے میں مدد دی، یوں کے ایس ای ہنڈریڈ انڈیکس ستتر پوائنٹس بڑھ کر نئی بلند ترین سطح پندرہ ہزار سات سو نواسی پوائنٹس پر بند ہوا۔کاروبار کے اختتام تک مجموعی طور پر تیرہ کروڑ پچہتر لاکھ شئیرز کے سودے ہوئے۔ لوٹے پاکستان اور پی ٹی اے میں آج سب سے زیادہ کاروبار ہوا۔آج مارکیٹ میں کل تین سو اکیانوے کمپنیوں کے حصص میں لین دین ہوا جن میں سے دو سو آٹھ کمپنیوں کے شئیرز کی قیمت میں اضافہ ہوا۔مارکیٹ تجزیہ کاروں کے مطابق جمعے کو اسٹیٹ بینک کی جانب سے مانیٹری پالیسی میں شرح سود ایک فیصد تک کم ہونے کے امکان کے باعث مارکیٹ میں تیزی ہے۔