اوچ شریف + لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ آن لائن+ خصوصی رپورٹر) اوچ شریف کے قریب بس حادثے کا شکار ایک اور زخمی چل بسا، جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 10ہو گئی۔ نعشیں گھروں کو روانہ کر دی گئی۔ علاوہ ازیں جاں بحق ہونے والے میاں بیوی سمیت 7افراد کی شناخت ہو گئی جبکہ 3کی نہ ہو سکی۔ حادثہ اس قدر شدید تھا کہ مرنے والوں اور زخمیوں کو بس کی باڈی کاٹ کر نکالا گیا۔ مرنیوالوں میں محمد عابد، یونس، میاں بیوی صنم، سراج کا تعلق ایبٹ آباد، صابر، امان اللہ کا مانسہرہ اور طالب علم راشد کا تعلق پل بھلکا سے تھا۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے اوچ شریف میں ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار خاندانوں سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے زخمی افراد کو عالج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت اور حادثے کے بارے میں رپورٹ طلب کرلی ہے۔