کراچی: لیاری کے حالات پھر کشیدہ، گھر پر بم حملہ، 4 زخمی، ڈیفنس میں اہم شخصیت کے رشتہ دار کی موت

کراچی (نوائے و قت رپورٹ+ کرائم رپورٹر+ ایجنسیاں) شہر قائد میں جمعہ کے روز فائرنگ اور تشدد کے واقعات میں 7 افراد ہلاک ہو گئے۔ اطلاعات کے مطابق لیاری کے علاقے غریب آباد میں موٹر سائیکل سواروں نے دستی بم سے ایک گھر پر حملہ کر دیا جس سے دو خواتین سمیت چار افراد زخمی ہو گئے۔ زخمی ہونے والوں میں کلثوم، عذرا، صادق اور عبداللہ شامل ہیں۔ کریکر حملے کے بعد علاقے میں شدید کشیدگی پھیل گئی اور دو گروپوں میں فائرنگ شروع ہو گئی۔ جس سے علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا، لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے۔ دوسری جانب چاکیواڑہ میں ہوٹل پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کر دی جس سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا جس کی شناخت نہیں ہو سکی۔ لیاری افشانی گلی میں فائرنگ سے ایک خاتون زخمی ہو گئی۔ کلاکوٹ میں پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں گینگ وار ملزم یاسین جوگی مارا گیا۔ گلشن معمار میں تاجر سے 20 لاکھ روپے بھتہ طلب کرنیوالے 2 بھتہ خور پولیس مقابلے میں مارے گئے۔ علاوہ ازیں کراچی کے علاقے ایف بی ایریا سمن آباد میں پولیس نے ایک کارروائی میں ملزم ولید کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا جبکہ اس کا ساتھی قادر جاوید فرار ہوگیا، ملزمان کے خلاف پولیس مقابلے میں فائرنگ سے بچے کے زخمی ہونے کے ساتھ دیگر مقدمات درج ہیں۔ دوسری کارروائی میں دو ڈاکوؤں آصف اور ندیم کو رنگے ہاتھوں گرفتارکرکے اسلحہ، نقدی اور چھینی گئی موٹرسائیکل برآمد کرلی۔ ادھر ڈیفنس کے علاقے خیابان محافظ میں ایک گھر سے 49 سالہ اجمل فضل کی نعش ملی جسے سر میں گولی لگی تھی اور پاس پستول پڑا تھا۔ مرنیوالا اہم شخصیت کا رشتہ دار بتایا جاتا ہے۔ قتل یا خودکشی سے متعلق امکانات پر پولیس نے تفتیش شروع کر دی۔ علاوہ ازیں گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سے ڈی جی سندھ رینجرز میجر جنرل بلال اکبر نے ملاقات کی اور صوبے میں امن و امان اور عید الاضحٰی کے ایام میں حفاظتی انتظامات پر تبادلہ خیال کیا۔ علاوہ ازیں ملیر ندی سے ایک شخص کی مسخ شدہ نعش ملی۔ گلستان جوہر میں 25 سالہ نوجوان کو گولیاں مار کر قتل کر دیا گیا۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...