لاہور (نامہ نگار) فیکٹری ایریا کے علاقہ میں غلط پارکنگ سے منع کرنے پر رکشہ ڈرائیوروں نے ٹریفک وارڈن کو تشدد کا نشانہ بناکر زخمی کردیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا ہے۔ غازی چوک میں سڑک کے درمیان ایک رکشہ کھڑا تھا۔ ٹریفک وارڈن عرفان ساجد نے اسے وہاں رکشہ کھڑا کرنے سے منع کیا تو رکشہ ڈرائیور الیاس نے وارڈن عرفان ساجد سے تلخ کلامی کے بعد ہاتھا پائی شروع کردی۔ اس دوران رکشہ ڈرائیور کے دیگر ساتھی بھی آگئے اور انہوں نے وارڈن عرفان ساجد کی خوب دھنائی کی اور اسے زخمی کردیا۔ اطلاع ملنے پر سی ٹی او طیب حفیظ چیمہ کی ہدایت پر ایس پی صدر ندا عمر چٹھہ موقع پر پہنچ گئیں اور زخمی وارڈن کو ہسپتال پہنچایا۔ تھانہ فیکٹری ایریا پولیس نے رکشہ ڈرائیور الیاس اور اس کے ساتھیوں کے خلاف مقدمہ درج کرکے الیاس کو گرفتار کرلیا ہے۔ چیف ٹریفک آفیسر لاہور نے کہا کہ قانون شکنی اور بدتمیزی کرنے والے ہرگز کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ ان کے خلاف سخت قانونی چارہ جوئی کی جائے گی جبکہ انہوں نے میڈیکل کوآرڈینیٹر کو حکم دیا کہ زخمی وارڈن کے علاج میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔ وارڈن عوام کی خدمت اور مدد کیلئے سڑکوں پر موجود ہیں۔ شہریوں کو بھی چاہئے کہ وہ وارڈنز کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں۔
فیکٹری ایریا: غلط پارکنگ سے منع کرنے پر رکشہ ڈرائیوروں کا ٹریفک وارڈن پر تشدد
Oct 04, 2014