پارلیمنٹ اور سیاسی جماعتوں کی حمایت کے باوجود نواز شریف پریشان ہیں: سراج الحق

Oct 04, 2014

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ اور تمام سیا سی جماعتوں کی حمایت کے باوجود نواز شریف سخت پریشان ہیں، دھرنوں نے پورے ملک کو جام کر رکھا ہے، مزدور کام نہ ملنے کی وجہ سے ہاتھ پر ہاتھ دھرے حالات کا رونا رو رہے ہیں، ہم نے ملک و ملت کے مفادکی خاطر فریقین میں صلح کرانے کی بھرپور کوشش کی ہے، اب عوامی خدمت کا ایجنڈا بہت پیچھے رہ گیا ہے اور مفادات کی جنگ جاری ہے، یہ جنگ تندور کی آگ سے زیادہ خطرناک ہے، اسی آگ کی وجہ سے بنگلہ دیش بنا اور پاکستان ٹوٹا تھا۔ مستحکم پاکستان کیلئے پرامن افغانستان ضروری ہے، قیام امن اور اتحاد و اتفاق کیلئے افغان صدر اشرف غنی ملا عمر اور حکمت یار سے مذاکرات کریں۔ جماعت اسلامی 21نومبر کو مینار پاکستان سے تحریک تکمیل پاکستان کا آغاز کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ حکومت اور دھرنے والوں کے درمیان مصالحت کیلئے سیاسی جرگہ کو سخت ترین آزمائش سے گزرنا پڑا ہے۔ سیاسی بحران کی وجہ سے پاکستان دنیا بھر میں تماشا بن چکا ہے، ہم نے فریقین کو جو تجاویز دی ہیں ان میں دونوں فریقوں کا بھلا ہے، اب صورتحال اس نہج پر پہنچ چکی ہے کہ لوگوں کے اندر ایک مایوسی کی کیفیت ہے مگر ہم اب بھی پرامید ہیں اور ہماری کوشش ہے کہ جلد از جلد اس بحران کا حل نکلے۔

مزیدخبریں