لاہور (حافظ محمد عمران/نمائندہ سپورٹس)میچ آفیشلز کے ساتھ بدتمیزی، بدسلوکی اور جارحانہ رویے نے نوجوان فاسٹ باؤلر عمران خان کو مشکل میں ڈال دیا ہے۔ فاسٹ باؤلرز اپنی جارحانہ گیند بازی سے جہاں مخالف ٹیم کے لئے خطرے کا باعث بنتے ہیں وہیں کبھی کبھار یہ جارحانہ رویہ اور غصہ ان کے اپنے کیریئر کو بھی متاثر کردیتا ہے۔ایسے ہی حالات کا سامنا ان دنوں قومی ٹیم کے تیز گیند باز عمران خان کو ہے۔انکی انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں شرکت مشکوک ہو گئی ہے۔بورڈ بھی سوچ رہا ہے کہ غلطی کی سزا فورا دی جائے یا پھر معاملہ تھوڑی دیر کے لیے لٹکا دیا جائے۔دونوں صورتوں میں سزا ملنے کے امکانات زیادہ ہیں۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹیسٹ فاسٹ باؤلر عمران خان سینئر کو کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی کرنے پر شوکاز نوٹس جاری کر دیا ہے۔ پشاور ریجن سے تعلق رکھنے والے تیز گیند باز عمران خان کو سنجیدہ الزامات کا سامنا ہے۔ عمران خان کو راولپنڈی میں کھیلے جانیوالے ڈومیسٹک ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں میچ آفیشلز کے ساتھ بد تمیزی اور جارحانہ رویے کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے۔