فی الحال ریٹائرمنٹ کا ارادہ نہیں، ٹیسٹ میں10 ہزار رنز ہدف ہے : یونس خان

Oct 04, 2015

کراچی (سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان نے کہا ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ میںدس ہزار رنز کا سنگ میل عبور کرنا چاہتا ہوں،میرا فی الحال ریٹایئر منٹ کا کوئی ارادہ نہیں ،جب سمجھوں گا کہ نہیں کھیل سکتا تو از خود علیحدہ ہوجائوں گا ،حنیف محمد کے پاس کچھ سیکھنے آیا تھا ،یہ بات انہوں نے سابق کپتان لٹل ماسٹر حنیف محمد کی رہائش گاہ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔یونس خان کو پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز بنانے کا اعزاز حاصل کرنے کے لئے مزید18رنز کی ضرورت ہے جس کے لئے امید کی جا رہی ہے کہ وہ13اکتوبر سے انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں اس ریکارڈ کو اپنے نام کر لیں گے ۔یونس خان نے کہا کہ کسی بھی اہم ٹیسٹ سیریز سے قبل میں حنیف محمد کے پاس آتا ہوں ان سے اپنی بیٹنگ ڈسکس کرتا ہوں اور اپنی آپ کو مزید بہتر بنانے کے لئے نئی باتیں سیکھتا ہوں اور ٹپس لیتا ہوں آج بھی میں اسی لئے یہاں آیا ہوں ۔ مصباح الحق کا ریٹایئر منٹ لینا ان کا اپنا ذاتی فیصلہ ہے میں جب بہتر سمجھوں گا تب فیصلہ کروں گا میرے سامنے ٹیسٹ میں دس ہزار رنز بنانے کا ریکارڈ ہدف ہے جب میں خود سمجھوں گا کہ کرکٹ چھوڑ دینی چاہئے تو کسی سے کچھ کہے سنے بغیر چھوڑ دوں گا ۔ حال ہی میں ہونے والے تمام تنازعات میں نے فراموش کر دیے ہیں اس لئے میں ان پر بات نہیں کرونگا انگلینڈ سے سیریز ٹف ہوگی جس کیلئے ہم نے بہت محنت کر رکھی ہے امید ہے کہ اہم ٹیسٹ سیریز میں عمدہ کارکردگی دکھا ئیں گے ‘ حنیف محمد کے ساتھ کھیلنا چاہتاہوں ۔ سابق کپتان اور لیجنڈری بیٹسمین حنیف محمد نے کہا ہے کہ یونس خان کو ریٹایئر منٹ پر مجبور کرنا ان کے ساتھ نا انصافی ہے وہ خان ہے اپنے بارے میں خود بہتر فیصلہ کر سکتا ہے ۔

مزیدخبریں