لاہور (کلچرل رپورٹر+سٹاف رپورٹر) گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے اساتذہ اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حسن امیر شاہ اور اولڈ روائینز یونین کے صدر کامران لاشاری، آنریری سیکرٹری ڈاکٹر خالد منظور بٹ اور دیگر ایگزیکٹو کمیٹی ممبران نے ڈاکٹر جاوید اقبال کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ چیئرمین الحمراء عطاء الحق قاسمی اور ایگز یکٹو ڈائریکٹر لاہورآرٹس کونسل کیپٹن (ر)عطاء محمد خان نے کہا کہ آج ہم ایک عظیم پاکستانی سے محروم ہوگئے ہیں ،ڈاکٹر جاوید اقبال کی وفات سے ملک وقوم کو بہت بڑا نقصان ہوا ہے۔ ڈاکٹر جاوید اقبال کی وفات کے سوگ میں لاہورآرٹس کونسل (الحمرائ) اور کلچرل کمپلیکس کی تمام سرگرمیاں ایک دن کے لئے معطل کردی گئیں۔ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلرڈاکٹر شاہد صدیقی کی خصوصی ہدایت پر اوپن یونیورسٹی کے رجسٹرار پروفیسر محمد نعیم قریشی کی قیادت میںپانچ رکنی وفد نے شاعر مشرق علامہ ڈاکٹر محمد اقبال ؒکے صاحبزادے جسٹس (ر)ڈاکٹر جاوید اقبال کے جنازے میں شرکت کی۔ اس موقع پر شاہد اقبال کامران، پروفیسر ماجد رشید، پروفیسر احسن شکور، ریجنل ڈائریکٹر لاہور رسول بخش بہرام شامل تھے۔