این اے 122 میں انتخابی مہم عروج پر، دفاتر کھولنے کی دوڑ، کھابوں سے تواضع

Oct 04, 2015

لاہور (خبرنگار) لاہور کے دو حلقوں این اے 122 اور پی پی 147 میں ضمنی انتخابات کیلئے سرگرمیاں عروج پر پہنچ گئیں، ڈور ٹو ڈور مہم کے بعد جلسوں، اور ریلیوں کا سلسلہ بھی شروع کردیا گیا۔ مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کے مرکزی رہنما میدان میں آ گئے۔ امیدواروں کی طرف سے ’’رقم لُٹانے‘‘ کے سلسلے میں فائدہ اٹھانے کیلئے زیادہ سے زیادہ انتخابی دفاتر کھلنا شروع ہو گئے ہیں۔ ان انتخابی دفاتر میں جہاں پہلے چائے پر ٹرخا دیا جاتا تھا۔ اب ’’کھابے‘‘ سجائے جا رہے ہیں۔ دفاتر کی ’’رونق‘‘ بڑھانے والوں کو دل کھول کر کھانا کھلایا اور چائے، شربت سے تواضع کی جاتی ہے۔ مسلم لیگ (ن) نے لاہور سے اپنے تمام ارکان قومی و صوبائی اسمبلی، ضلعی زونل عہدیداروں کو ذمہ داریاں سونپ دی ہیں۔ حلقے کی ہر یونین کونسل کو وارڈوں کی بنیاد پر تقسیم کرکے ارکان اسمبلی اور ضلعی و زونل عہدیداروں کو سونپا گیا ہے جو گھر گھر جا کر ایاز صادق کیلئے ووٹ مانگ رہے ہیں۔ عمران کی لاہور آمد اور حلقے میں سرگرم ہونے سے تحریک انصاف کے ورکرز بھی بہت زیادہ پرجوش دکھائی دیتے ہیں۔ تحریک انصاف انتخابی مہم کے ابتدائی دنوں بینروں اور فلیکس کی دوڑ میں مسلم لیگ (ن) سے بیحد آگے تھی مگر گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) نے تمام کسریں نکال دیں۔ حلقے میں تحریک انصاف کے فلیکس اور بینروں سے زیادہ اب مسلم لیگ (ن) کے بینر اور فلیکس موجود ہیں۔

مزیدخبریں