مظفرآباد (ایجنسیاں) مشرف نے کہا ہے کہ آل پاکستان مسلم لیگ کے پلیٹ فارم سے کشمیری عوام کو انکی امنگوں کے مطابق آزادی دلوانا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے، زرداری اور نواز کے چہیتے اب بھی کشمیر کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے کیلئے اپنی باریاں لگائے ہوئے ہیں، ہم نے زلزلہ کے موقع پر کشمیری عوام کو اکیلا نہیں چھوڑا، بہت جلد آزاد کشمیر کا دورہ کرونگا۔ آل پاکستان مسلم لیگ کی تنظیم سازی جاری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے گزشتہ روز اپنی پارٹی کی پانچویں سالگرہ کے موقع پر مظفرآباد میں ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب میںکیا۔ مشرف نے کہا کہ جب آزاد کشمیر میں 8 اکتوبر 2005 کا زلزلہ آیا تو پاکستانی حکومت کو پوری دنیا نے امداد دی۔ مختصر مدت میں ریلیف اور بحالی کا کام مکمل کیا گیا۔ 35 لاکھ بے گھر افراد کو رہائش مہیا کی گئی۔ مظفرآباد، نیلم اور باغ کی سنگلاخ چوٹیوں پر پختہ اور زلزلہ پروف مکان موجود ہیں زلزلہ متاثرہ علاقوں کی تعمیر نو کیلئے اربوں ڈالر کے فنڈز مہیا کئے لیکن بعد میں آنے والی حکومتوں نے اربوں ڈالر ضائع کر دئیے اور آج یہ علاقے کھنڈرات کا منظر پیش کررہے ہیں۔ زلزلہ متاثرین کے فنڈز ہضم کرنے والوں کے پیٹ چاک کر کے ڈالر برآمد کریں گے۔