اسلام آباد (سپیشل رپورٹ/صباح نیوز) سعودی عرب میں گرفتار ہونے والے پاکستانی دانشور زید حامد کو رہا کر دیا گیا ہے۔ وہ وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔ نوائے وقت سے بات چیت میں زید حامد نے کہا کہ انہیں بھارت نے ایک سازش کے ذریعے گرفتار کرایا تھا لیکن جب سعودی حکام نے تحقیقات کی تو مجھے رہا کردیا گیا۔ زید حامد وطن واپس آتے ہوئے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں نوائے وقت سے بات میں کہا کہ انہوں نے یمن جنگ میں پاکستانی فوج بھیجنے کی مخالفت کی اس لئے سعودی حکام کو بتایا گیا میں ایرانی ایجنٹ ہوں۔ یہ سازش بھارت نے کی تھی اب مجھے رہا کردیا گیا ہے۔ان سے پوچھا گیا کہ آپ کو کوڑے مارنے کی سزا بھی سنائی گئی تھی اس کا کیا بنا تو زید حامد نے بتایا کہ مجھے کوئی کوڑے نہیں مارے گئے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان قاضی خلیل اللہ نے زید حامد کی رہائی کی تصدیق کر دی ہے۔قاضی خلیل اللہ نے سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر منظور حق کے حوالے سے بتایا ہے کہ زید حامد کو سعودی عرب کی جیل سے رہا کر دیا گیا ہے۔
سعودی جیل سے رہائی کے بعد وطن واپسی بھارت نے گرفتار کرایا: زید حامد
Oct 04, 2015