لاہور + اسلام آباد (خبرنگار+ سٹاف رپورٹر) صدرِ پاکستان نے وائس ایڈمرل ظفر محمود عباسی کو ایڈمرل کے رینک پر ترقی دیکر پاک بحریہ کا سربراہ مقرر کر نے کی منظوری دیدی ہے۔ ایڈمرل کے رینک پر ترقی کا اطلاق پاک بحریہ کی کمانڈ سنبھالنے پر ہوگا۔ وائس ایڈمرل ظفر محمود عباسی 7 اکتوبر2017ء کو اپنے عہدے سے سبکدوش ہونیوالے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد ذکا ء اللہ سے پاک بحریہ کی کمانڈ سنبھالیں گے۔ تبدیلی کمانڈ کی تقریب پی این ایس ظفر اسلام آباد میں منعقد ہو گی۔ وائس ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے 1981ء میں پاک بحریہ کی آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا۔ انہوں نے ابتدائی تربیت رائل نیول کالج ڈارٹ متھ انگلینڈ سے حاصل کی۔ کمیشنگ کے موقع پر پاکستان نیول اکیڈمی سے اعزازی شمشیر حاصل کی۔ اپنے پیشہ وارانہ کیرئر کے دوران وائس ایڈمرل ظفر محمود عباسی کو مختلف کمانڈ اینڈ سٹاف عہدوں پر کام کرنے کا وسیع تجربہ ہے۔ وائس ایڈمرل ظفر محمود عباسی اس وقت نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں چیف آف سٹاف کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ وائس ایڈمرل ظفر محمود عباسی نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد اور رائل آسٹریلین نیوی سٹاف کالج کے گریجویٹ ہیں۔ غیرمعمولی پیشہ وارانہ خدمت کے اعتراف میں ان کو ہلالِ امتیاز(ملٹری ) سے نوازا جا چکا ہے۔