لاہور+لندن( نوائے وقت رپورٹ+عارف چودھری) مریم نواز نے ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے کہ نواز شریف کے پارٹی صدر بننے پر ان لوگوں کو تکلیف ہے جن کا پارٹی سے کوئی تعلق نہیں نواز شریف کے مخالف ان کے چاہنے والوں کے سامنے بے بس ہیں۔ ثابت ہوا نواز شریف کے پیچھے پارٹی متحد ہو کر کھڑی ہے۔ انہیں نکالنے کیلئے جمہوری آئین کو ڈکٹیٹر شپ کا آئین بنایا گیا۔ ڈکٹیٹر کی بنائی ہوئی ایک شق ختم کرنے پر شور مچایا جا رہا ہے جمہوریت نے آمر کی ایک اور نشانی کو تباہ کر دیا۔ نوازشریف کے مخالفین کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہو گی۔ نواز شریف پاکستانی سیاست پر چھائے ہوئے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے معاملات میں دخل اندازی کرنیوالے اپنی پارٹی پر توجہ دیں۔عوامی جماعت بنا کر دکھائیں ۔علاوہ ازیں مریم نواز اور حسین نواز نے لندن سے فون کرکے اپنے والد میاں نوازشریف کو مسلم لیگ (ن) کے صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے کہا نوازشریف لوگوں کے دلوں میں بستے ہیں انشاء اللہ 2018 کے الیکشن میں مسلم لیگ (ن) دو تہائی اکثریت حاصل کریگی اور انشاء اللہ میاں نوازشریف چوتھی بار وزیراعظم بنیں گے۔مسلم لیگ نارتھ کے صدر راجہ سجاد حسین اور رہنما چودھری کریم نے مسلم لیگ مانچسٹر دفتر میں کیک کاٹا اور لوگوں میں مٹھائیاں تقسیم کیں۔