اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی۔ نوائے وقت رپورٹ ) وفاقی وزیر برائے اُمور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر نے محمدنواز شریف کو مسلم لیگ (ن) کے جنرل کونسل کے اجلاس میں چار سال کے لیے مسلم لیگ (ن) کا صدر منتخب ہونے پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ محمدنوازشریف اورعوام کا رشتہ لازوال ہے جس کو کوئی قوت اپنے مذموم مقاصد کے لیے ختم نہیں کر سکتی۔انہوںنے کہاکہ جنرل کونسل کے اجلاس کے موقع پر کارکنوں کاجوش وجذبہ قابل دید تھا اور اس امر کی گواہی دے رہا تھا کہ محمد نوازشریف ہی اُن کے قائد ہیں اور وہ اُن کی سربراہی میں ملک کی ترقی وخوشحالی کا سفر جاری رکھیں گے۔ انہوںنے کہاکہ محمدنوازشریف کا بلا مقابلہ انتخاب اس امر کابھی گواہی ہے کہ اُن کی سربراہی میں مسلم لیگ(ن) متحدہے اور مسلم لیگ(ن) کو تقسیم دیکھنے والوں کی خواہشات ہرگز پوری نہ ہوں گی۔ انہوںنے کہاکہ نوازشریف پہلے سے زیادہ بڑھ کر پاکستان کے عوام کی آواز بن چکے ہیں اور پاکستان کے عوام اُن کی سربراہی میں آئین و قانون کی بالادستی اور اپنے ووٹ کے تقدس کی جدوجہد جاری رکھیں گے اور 2018 ء کے انتخابات میں مسلم لیگ(ن) کی کامیابی کے ساتھ محمدنوازشریف کو وزیراعظم کے منصب پر فائز کرکے عمران خان جیسے سازشیوں کو منہ توڑ جواب دیں گے۔