اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) الیکشن کمیشن نے (ن) لیگ کے پارٹی صدر کیلئے انتخابات کرائے جانے پر انٹرا پارٹی انتخابات کیس نمٹا دیا ہے، مسلم لیگ ن کا انتخابی نشان ”شیر“ بھی بحال کر دیا گیا۔ منگل کو چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں چار رکنی کمیشن نے کیس کی سماعت کی، مسلم لیگ (ن)کی طرف سے ایڈووکیٹ فیصل عرفان نے پیش ہو ئے۔ الیکشن کمیشن نے انٹرا پارٹی کیس نمٹاتے ہوئے مسلم لیگ (ن)کا انتخابی نشان بھی بحال کر دیا، میاں نواز شریف نے سپریم کورٹ سے پاناما کیس میں نااہلی کے بعد پارٹی کی صدارت چھوڑ دی تھی جس کے بعد الیکشن کمیشن نے (ن) لیگ کو پارٹی کے نئے صدر کے انتخاب کی ہدایت کی تھی۔